فیروز خان اور دُعا کے نکاح کی ویڈیو وائرل
06-05-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار فیروز خان کے دوسرے نکاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر فیروز خان کی چند ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں اداکار دُعا نامی لڑکی کے ہمراہ بیٹھے تھے جوکہ مایوں کے لباس میں ملبوس تھی اور دونوں کی رسمِ حنا ادا کی جارہی تھی۔ تاہم یکم جون کو فیروز خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اپنی دلہن دُعا کے ساتھ تصویر پوسٹ کرکے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کردی تھی، اداکار کی دوسری شادی کی خبر نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی تہلکہ مچا دیا اور ان دِنوں ہر طرف فیروز خان کی دوسری شادی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اب سوشل میڈیا پر فیروز خان اور دُعا کے نکاح کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکار کی دوسری اہلیہ کو قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کے مطابق فیروز خان کا نکاح چند افراد کی موجودگی میں مسجد میں ہوا جبکہ بعد میں اُنہیں اپنی دلہن دُعا کے ساتھ بیٹھے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ، ایک اور ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے جس میں فیروز خان اور اُن کی دوسری اہلیہ دُعا کو نکاح کے بعد کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں فیروز خان کی بڑی بہن اور نامور اداکارہ حمائمہ ملک کی بھی تھوڑی سی جھلک نظر آئی۔ واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزے سلطان کے ساتھ ہوئی تھی، اس جوڑے کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے سلطان جبکہ فروری 2022 میں بیٹی فاطمہ کی پیدائش ہوئی تھی۔ تاہم دو بچوں کی پیدائش کے بعد اس جوڑے نے راہیں جدا کرتے ہوئے ستمبر 2022 میں طلاق لے لی تھی۔