آج سے پلاسٹک بیگز ممنوع، صرف 75 مائیکرون بیگز کا استعمال ہو گا: مریم اورنگزیب
06-05-2024
(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج سے صوبہ بھر میں پلاسٹک بیگز کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
لاہور کے نجی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج سے صرف75 مائیکرون کے بیگز کو استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، اب آپ نے پلاسٹک بیگز کو استعمال نہیں کرنا اپنی عادات کو تبدیل کرنا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پالیسی دیتی ہے صارفین اس کو اپناتے ہیں، پلاسٹک موت ہے نہ یہ تلف ہوتا ہے نہ ختم ہوتا ہے، جب یہ جلتا ہے تو فضاء میں زہریلے مواد چھوڑتا ہے، جب زمین میں جاتاہے تو زمین کو تباہ کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے شہریوں کو سمجھنا ہوگا سموگ پر قابو پانا لازمی ہے، وہ وقت دور نہیں جب لاہور سے سموگ دیگر شہروں تک پھیل جائے گی، جب تک سموگ کو کنٹرول نہیں کریں گے یہ کنٹرول نہیں ہوگی۔