کرول گھاٹی : کیمیکل فیکٹریوں میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی

06-05-2024

(ویب ڈیسک) رنگ روڈ کے قریب کرول گھاٹی میں کیمیکل فیکٹریوں میں لگی آگ پر 9گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ۔

آگ 6کنال پر مشتمل کیمیکل کی 4 فیکٹریوں میں لگی ، آگ سب سے پہلے ڈھائی کنال رقبہ پر مشتمل فیکٹری میں لگی ۔ فیکٹری میں کیمیکل ڈرم پھٹنے سے آگ باقی 3 فیکٹریوں تک پھیل گئی جس کی وجہ سے  3فیکٹریوں کا تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔ تنگ اور تاریک راستہ ہونےکے باعث  ریسکیو کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ریسکیو کی گاڑیوں کو پانی کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ آگ بجھانے میں ریسکیو کی 13گاڑیوں اور 50 اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ رات بھر ریسکیو آپریشن جاری رہا ،پی ایچ اے، واسا کا عملہ اور  ضلعی انتظامیہ ، ڈی سی ساری رات جائے وقوعہ پر نہ پہنچے ۔ ریسکیو ایمرجنسی آفیسر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کولنگ کے عمل کے دوران وقفے وقفے سے آگ بھڑک رہی تھی ،فیکٹریوں میں فائر فائٹنگ کا کوئی سامان موجود نہیں تھا،ریسکیو کی گاڑیوں کو پانی بھرنے کیلئے 8 سے10 کلو میٹر دور جانا پڑا ۔