اووربلنگ:لیسکو کا رواں ماہ صارفین کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ
06-05-2024
(ویب ڈیسک) لیسکو نے اووربلنگ کی مد میں صارفین کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا۔ رواں ماہ کی ریڈنگ کے مطابق بلنگ کے ساتھ ساتھ 32 کروڑ یونٹس کی کریڈٹ ایڈجسٹمنٹس دیکر اربوں روپے کا ریلیف دیا جائیگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں لیسکو کی جانب سے پرانی اووربلنگ پر ریلیف کے ساتھ ساتھ رواں ماہ بھی ریڈنگ کے مطابق بلنگ کی گئی ۔ ایف آئی اے نے لیسکو سے6 جون کوبلنگ مکمل ہونےکی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیسکو چیف شاہد حیدر، ڈائریکٹر کسٹمرسروسزسرور مغل رپورٹ پیش کریں گے ۔ تمام سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز بھی اعلیٰ افسران کے ساتھ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز جائیں گے۔ واضح رہے کہ محسن نقوی نے لیسکو کو 83 کروڑ یونٹس کی اووربلنگ پر ریلیف کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد ایف آئی اے نے مزید 10 کروڑ یونٹس کی اووربلنگ کی نشاندہی کی ۔اس طرح مجموعی طور پر لیسکو کو 93 کروڑ یونٹس کا ریلیف دینا ہے۔ لیسکو نے گزشتہ ماہ 31 کروڑ یونٹس نکال کراربوں روپے کا ریلیف دیا ۔