کرول گھاٹی میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، آگ کےشعلوں سے ہر چیز خاکستر
06-05-2024
(ویب ڈیسک) لاہور میں کرول گھاٹی کے نزدیک فیکٹری میں آگ لگ گئی، فیکٹری میں رکھے ہوئے شدید آتش گیر مادے تھِنر اور کیمیکل کے ڈرم پھٹنے کے بعد آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بتایا کہ لاہور میں رنگ روڈ کے قریب کرول گھاٹی کے علاقہ میں واقع پینٹ بنانے والی فیکٹری میں رات گئے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 کی 12 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ریسکیو کے مطابق رنگ روڈ کے قریب پینٹ فیکٹری میں آگ رات ساڑھے 10 بجے لگی جس کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ 6 کنال پر قائم پینٹ فیکٹری میں آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ کیمیکل کے ڈرم تھوڑی تھوڑی دیر بعد دھماکوں سے پھٹ رہے ہیں جس سےعلاقے میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس حادثہ میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خوش قسمتی سے آبادی اس فیکٹری سے ہٹ کر واقع ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق آگ سے متاثرہ فیکٹری میں تیار ہونے والا کیمیکل مقامی فیکٹریوں کو بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔