آندھی سے بجلی کا متاثرہ ترسیلی نظام بحال کر دیا گیا، چیف انجینئر آپریشنز لیسکو
06-04-2024
(لاہور نیوز) چیف انجینئر آپریشنز لیسکو عباس علی کا کہنا ہے گزشتہ رات آندھی سے بجلی کا متاثرہ ترسیلی نظام بحال کر دیا گیا ہے۔
چیف انجینئر آپریشنز لیسکو عباس علی اور مینیجر کمرشل رائے مسعود کھرل نے لوڈشیڈنگ اور طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کی۔ عباس علی کا کہنا تھا کہ رات بارش اور آندھی کے باعث موسم قدرے بہتر ہے اس لئے لوڈشیڈنگ کم ہے، شدید آندھی اور بارش سے 4 سو سے زائد فیڈرز پر ٹرپنگ آئی، جلنے والے ٹرانسفارمر کو بھی فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، شکایات کے فوری ازالہ کے لئے دیگر شعبہ جات سے سٹاف کو آپریشن میں منتقل کرنا فائدہ مند رہا۔ اس موقع پر مینیجر کمرشل رائے مسعود کھرل کا کہنا تھا کہ لیسکو کے 65 لاکھ صارفین اور 2 ہزار 170 فیڈرز ہیں، لیسکو فیلڈ افسران سنگل شکایات کے بجائے فیڈرز بحالی کو ترجیح دیتے ہیں۔