وکیل کا پارسل لندن تک پہنچانے میں ناکامی پاکستان پوسٹ کو مہنگی پڑ گئی

06-04-2024

(لاہور نیوز) وکیل کا پارسل لندن تک پہنچانے میں ناکامی پاکستان پوسٹ کو مہنگی پڑ گئی، عدالت نے پاکستان پوسٹ کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔

کنزیومر کورٹ ڈسٹرکٹ ایسٹ نے پاکستان پوسٹ پر 12 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کر دیا، پاکستان پوسٹ کے خلاف بیرسٹر اہرار جاوید بھٹو نے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مجھے گزشتہ سال لندن میں لنکن ان میں اپنی گریجویشن میں شرکت کرنا تھی، پاکستان پوسٹ کے ذریعے فروری میں ضروری دستاویزات لندن بھجوائی تھیں، تقریب میں شرکت کے لئے یہ دستاویزات وہاں پہنچنا لازمی تھیں۔ اہرارجاوید بھٹو کے مطابق پاکستان پوسٹ کی یقین دہانی پر میں نے ریٹرن ٹکٹس بھی بک کروائے، تاہم پاکستان پوسٹ مقررہ وقت پر دستاویزات نہیں پہنچا پایا، پاکستان پوسٹ کے خلاف کیس کیا مگر اُن کی طرف سے مجھ پر کوئی جرح نہیں کی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق پاکستان پوسٹ کے خلاف 2 لاکھ 46 ہزار ٹکٹس ، 10 لاکھ روپے جرمانہ اور 60 ہزار کیس کے اخراجات کا دعویٰ کیا، عدالت نے تمام دلائل کی روشنی میں پاکستان پوسٹ کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔