دستک ہیلپ لائن سے متعلقہ کاغذات عوام کی دہلیز پر پہنچائیں گے، مریم نواز

06-04-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے دستک ہیلپ لائن سے متعلقہ کاغذات عوام کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

نجی ہوٹل میں "مریم کی دستک" پروگرام کی تقریب رونمائی ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’ مریم کی دستک‘‘ ایپ کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا صوبے کو ایک کلک پر لانے کیلئے یہ بہت بڑا اقدام ہے، میرا خواب ہے کہ حکومت پیپر فری ہو، ایپ کے ذریعے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، مریم کی دستک ایپ پر کل 535 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے رمضان پیکج لوگوں کو گھروں تک پہنچایا، آئی ٹی کے شعبے میں ایک لاکھ تک نوکریاں پیدا کریں گے، 32 فیلڈ ہسپتال دیہات میں کام کر رہے ہیں، پنجاب کے ہر ضلع میں آئی ٹی کےفروغ کے لئے کام کریں گے، فیلڈ ہسپتال سے لوگوں کا علاج ہو رہا ہے، پہلے لوگوں کو لائن میں لگ کر ادویات لینا پڑتی تھیں، دل کے مریضوں کو ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔  مریم نواز کا کہنا تھا حکومت کو آئے صرف تین ماہ ہوئے اور مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، روٹی 25 روپے سے 12 روپے تک آ گئی ہے، سبزیوں کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں، جو گندم ہم خریدتے تھےاس بار نہیں خریدی، ہم نے پنجاب کا پیسہ ضائع ہونے سے بچایا، اسی وجہ سے روٹی کی قیمت نیچے آئی ہے، بہت سال بعد مہنگائی کم ہو رہی ہے، ہم نے تین ماہ میں مہنگائی کم کر کے دکھائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا دہشت گردی،غنڈہ گردی اور جلاؤگھیراؤ کےدن ختم ہو گئے، اب ترقی کا دور نہیں رکے گا، بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم، کیلوں والے ڈنڈے دینےوالے دوست نہیں ان کے دشمن ہیں، سیف سٹی میں ورچوئل خواتین پولیس سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔