شہباز شریف 5 روزہ دورہ پر چین پہنچ گئے، پہلا پیغام جاری

06-04-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف 5 روزہ دورہ پر چین کے شہر شینزن پہنچ گئے جہاں سے انہوں نے اپنا پہلا پیغام بھی جاری کر دیا ہے۔

ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا اعلیٰ چینی حکام اور پاکستانی سفیر نے استقبال کیا، اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف جدید آئی ٹی کمپنیوں کا دورہ اور فورم میں شرکت کریں گے، 79 پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چینی قیادت کی دعوت پر اپنے پہلے سرکاری دورے پر شینزن پہنچا ہوں ، شہر کے افق اور ترقی سے بہت متاثر ہوا جو جدید چین کی عکاس ہے۔ اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکام کے ساتھ مصروفیات کے لئے پُرجوش ہوں، شینزن کی کاروباری اور صنعتی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شینزن کے بعد صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور دیگر چینی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے لئے بیجنگ جاؤں گا۔