پنجاب حکومت کا خستہ حال بس اڈوں کی حالت زار تبدیل کرنے کا فیصلہ

06-04-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے خستہ حال بس اڈوں کی حالت زار تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بس اڈوں کی بہتری کے لیے 4 ارب 90 کروڑ روپے کی منظوری دے دی، ساڑھے 4 ارب سے زائد کی خطیر رقم سے لاہور، بہاولپور ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان کے سرکاری بس اڈوں کا انفراسٹرکچر بہتر کیا جائیگا۔ لاہور کے جناح ٹرمینل، لاری اڈے اور سٹی بس اڈے پر 3 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام ہوں گے، بس ٹرمینلز پر ویٹنگ ایریا، کینٹین، واش رومز اور ٹائلنگ سمیت دیگر مسائل حل کیے جائیں گے۔ بہاولپور کے بس اڈوں کی بہتری پر 80 کروڑ روپے کے اخراجات ہوں گے، فیصل آباد کے بس ٹرمینلز کو ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائیگا، راولپنڈی کے بس اڈوں کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر 60 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے۔ اسی طرح ملتان کے بس اڈوں کی بہتری پر 60 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، بس اڈوں کی بہتری کے لیے بھجوائی گئی سمری منظور کر لی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بس اڈوں کی بہتری کے پلان کی منظوری دی۔ صوبے کے بڑے شہروں کے بس اڈوں کی بہتری کے لیے پلاننگ کمیشن تشکیل دینے اور پانچ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ کو بس اڈوں کے مسائل کی نشاندہی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ حکومت پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ جن اضلاع میں بس اڈوں کی جگہیں بھی موجود نہیں وہاں متعلقہ ڈی سیز اور سیکرٹری آر ٹی اے جگہوں کی بھی نشاندہی کریں، بس اڈوں کے لیے شارٹ لسٹ کی گئی زمین کو بورڈ آف ریونیو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نام منتقل کرے گا۔