پنجاب میں کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا: مریم نواز

06-04-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کاشتکار بھائیوں کے لیے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔

کسان کارڈ کی رجسٹریشن  کے آغاز سے متعلق اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے لئے درخواست گزار اپنے موبائل سے سپیس، پی کے سی  (Space PKC) اور شناختی کارڈ نمبر  لکھ کر 8070 پر میسج بھیجیں۔ مریم نواز نے کہا کہ کاشتکاروں کی خوشحالی اور پیداوار میں اضافہ ہمارا عزم ہے، کسانوں کوسالانہ 300 ارب روپے کے پیداواری قرضے دئیے جائیں گے، ہر کسان ایک فصل کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے تک آسان قرض حاصل کر سکے گا، کسان کارڈ سے کھاد، بیج اور دیگر زرعی مداخل خرید سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ کاشتکارکسان کارڈ سے مستفید ہوں گے ،ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کی ملکیت رکھنے والے کسان کارڈ رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، کسان کارڈ کے لئے زمین کا اراضی ریکارڈ سنٹر میں رجسٹرڈ ہونا اور کاشتکار کے اپنے شناختی کارڈ نمبر پرموبائل سم کا رجسٹرڈ ہونا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کے شناختی کارڈ کی نادرا ریکارڈ سے تصدیق کی جائے گی، کاشتکار کسی مالیاتی ادارے کا نا دہندہ نہ ہو ،کاشتکار بلاسود قرضے کی آسان اقساط 6 ماہ میں واپس کرےگا، قرض کی ادائیگی کے بعد کاشتکار اگلی فصل کے لئے دوبارہ قرض حاصل کرنے کااہل ہوگا۔