پنجاب: عید الاضحیٰ کے انتظامات اور پابندیوں سے متعلق ہدایات جاری
06-04-2024
(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحیٰ کے انتظامات اور پابندیوں سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کالعدم تنظیموں کے کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہے،صرف چیریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے، سری پائے جلانے اور جانوروں کے فضلے اور آلائشوں کو مین ہول یا کینال میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ ترجمان صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق عید کی چھٹیوں میں دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی کی اجازت بھی نہیں ہوگی، عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد ہوگی۔ صوبہ بھر کی عید گاہوں، مساجد اور مدارس میں اضافی سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے، انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مویشی منڈیوں میں کسی قسم کا کمیشن یا بھتہ وصول نہ کیا جائے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ مری اور گلیات میں سیاحوں کی آمد اور ٹریفک کنٹرول کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، انتظامات یقینی بنانے کیلئے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز پولیس اور متعلقہ محکموں کے ساتھ بیٹھیں۔