پریتی زنٹا کی فلم'لاہور1947 ' پر شوٹنگ مکمل،اداکارہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کردی
06-03-2024
(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ پریٹی زنٹا نے اپنی نئی فلم ’لاہور1947‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے پر ایک جذباتی پوسٹ لگائی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں فلم کی کاسٹ اور ٹیم کے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ فلم کا کردار ان کے کیریئر کا سب سے مشکل کردار تھا۔ذرائع کے مطابق عامر خان بھی فلم کے اندر ایک خصوصی جھلک دیں گے جبکہ مرکزی کردار سنی دیول ادا کریں گے۔ راجکمار سنتوشی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں شبانہ اعظمی، ابھیمانیو سنگھ اور علی فضل بھی شامل ہیں۔شبانہ اعظمی عامر خان کی فلم ’لاہور1947‘ میں دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔’لاہور1947‘ میں اداکارہ ایک ایسی ہندو ماں کا کردار ادا کریں گی جو تقسیم کے وقت اپنی اس حویلی کو چھوڑنے سے انکار کردیتی ہے جو ایک مسلم مہاجر خاندان کو الاٹ ہو جاتی ہے۔ سنی دیول کے مدمقابل پریٹی زنٹا ہیروئن کا کردار نبھائیں گی اور اس سے قبل 2018 میں یہ دونوں ’بھیا جی سپر ہٹ‘ میں ساتھ کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ’لاہور1947‘ بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر 26 جنوری 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔