لاہور سمیت پنجاب کے 6 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

06-03-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے 6 اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، اوکاڑہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے، راولپنڈی اور میانوالی میں مہم مخصوص علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہےجبکہ بقیہ چار اضلاع میں مہم تمام علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم اتوار تک جاری رہے گی جبکہ بقیہ اضلاع میں پولیو مہم کا دورانیہ 5 روزہ ہو گا ،مہم کے دوران 64 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے، لاہور میں 14 ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر خضر افضال نے کہا ہے کہ پنجاب میں پولیو وائرس پھیل سکتا ہے، پولیو وائرس کی گردش جاری ہے، پنجاب کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا ہے، بچاؤ صرف پولیو ویکسین سے ہی ممکن ہے، والدین اپنے بچوں کو ہر مہم میں قطرے پلوانا مت بھولیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ورکرز سخت گرمی میں گھر گھر جا رہے ہیں، پولیو ورکرز کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں، اگلے تین مہینے پولیو کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔