اینٹی ٹیٹنس انجکشن کی عدم دستیابی، سیکرٹری صحت کو قانون کے مطابق فیصلے کا حکم

06-03-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ٹیٹنس انجکشن کی عدم دستیابی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری صحت کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے رانا سکندر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست میں سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ٹیٹنس انجکشن نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹیٹنس کے انجکشن کیلئے سرکاری ہسپتال گئے لیکن وہاں انجکشن دستیاب نہیں تھے، نجی ہسپتال اور فارمیسیز پر 6 ہزار روپے میں ایک انجکشن مل رہا ہے، عام آدمی میں یہ ضروری انجکشن مہنگی قیمت پر خریدنے کی سکت نہیں ہے۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ اینٹی ٹیٹنس انجکشن کی سرکاری ہسپتالوں میں دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ٹیٹنس انجکشن کی عدم دستیابی کیخلاف درخواست سیکرٹری صحت کو بھجوا کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نمٹا دی۔