کیاآپ جانتے ہیں ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں فوری طور پر کیا کرنا چاہیے؟

06-02-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں فوری طور اپنائے جانے والے اقدامات سے متعلق بتا دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کی علامت ظاہر ہونے پر فوری طور پر ایمرجنسی کو الرٹ کیا جانا چاہیے جبکہ اس دوران متاثرہ شخص کو دھوپ اور گرمی کے ماحول سے نکال کر کسی ٹھنڈی یا سائے دار جگہ میں لے جانا چاہیے۔ جسم کو جتنی جلدی ممکن ہو ٹھنڈے یا برفیلے پانی اور بھیگے ہوئے کپڑوں سے ٹھنڈا کیا جائے۔ مزید برآں اگر ممکن ہو تو متاثرہ شخص کو زیادہ سے زیادہ مائعات (liquids) دیے جائیں۔ اگر جسم پر ضرورت سے زائد لباس موجود ہوں تو انہیں فوراً اتار دیا جائے۔اسی طرح اگر متاثرہ شخص بے ہوش ہے لیکن نارمل سانس لے رہا ہے تو اسے ایک کروٹ پر لٹا دیا جائے جب تک کہ ایمرجنسی کا عملہ نہ پہنچ جائے۔ اس دوران سانس لینے اور ہوش میں آنے کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کرتے رہنا ضروری ہے۔ اگر متاثرہ شخص نارمل سانس نہیں لے رہا ہے تو سانس بحالی کیلئے سینے کو وقتاً فوقتاً دبایا جائے۔ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کا اولین اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ سورج سے براہ راست زیادہ نمائش نہ ہو خاص طور پر دوپہر کے وقت۔ ہلکے رنگ کی ٹوپی سر پر ضرور پہنیں اورزیادہ مقدار میں پانی یا جوس پیئں، ایک بالغ آدمی کو گرم دنوں میں کم از کم آدھا لیٹر اضافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔