تنخواہ دار افراد کیلئے انکم ٹیکس بڑھانے سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی
06-02-2024
(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے تنخواہ دار افراد کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں اضافے کے لیے بجٹ تجویز کی منظوری موخر کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے بجٹ کیلیے ٹیکس تجاویز کے متعلق گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ بڑھانے کی شرط کی توثیق نہیں کی بلکہ وزارت خزانہ کو آئی ایم ایف کے پاس واپس جانے اور ان سے تجویز واپس لینے کی درخواست کرنے کی ہدایت کر دی۔ پاکستان کا تنخواہ دار طبقہ بینک ڈیپازٹرز، کنٹریکٹرز اور درآمدی ٹیکسوں کے بعد چوتھا سب سے ٹیکس دینے والا طبقہ ہے۔مہنگائی کے مسلسل ڈبل ڈیجیٹ میں ہونے کے باعث ان کی قوت خرید تیزی سے سکڑتی جا رہی ہے۔ اس کے باوجود آئی ایم ایف تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار کاروباری افراد سے آئندہ مالی سال میں مزید 600 ارب روپے سالانہ وصول کرنا چاہتا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران تنخواہ دار افراد نے 216 ارب روپے ٹیکس ادا کیا۔ حکومت کا آئندہ مالی سال کیلیے ٹیکس وصولی کا ہدف 12.9 ٹریلین روپے ہے جو رواں مالی سال کے ہدف سے 40 فیصد یا 3.6 ٹریلین روپے زیادہ ہے۔