معروف اداکار طلعت حسین کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

06-02-2024

(لاہورنیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام معروف صداکار و اداکار طلعت حسین کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تعزیتی ریفرنس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، معروف اداکار مصطفیٰ قریشی، خالد احمد، ایاز خان، خالد انعم، فیصل قریشی سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی، ادیبہ نورالہدیٰ شاہ، قدسیہ اکبر، اقبال لطیف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں طلعت حسین کی زندگی پر بنائی گئی شو ریل بھی دکھائی گئی، طلعت حسین کی صاحبزادی تزین حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر آرٹس کونسل اور صدر محمد احمد شاہ کی شکر گزار ہوں۔ تزین حسین نے کہا کہ بابا ایک اچھے اداکار تو تھے ہی لیکن وہ ایک اچھے باب بھی تھے، انہوں نے کبھی ہمیں کسی چیز سے نہیں روکا، انہوں نے ہمیں یہ بات سمجھائی تھی کہ آپ اگر کسی کو محبت دیں گے تو اگلا بھی آپ کو محبت دے گا۔ اداکار ریحان شیخ نے کہا کہ طلعت حسین سے میرا تعلق بہت پرانا تھا، وہ ایک بہت معروف و قد آور شخصیت تھے، ایک انسان کی بڑائی اس چیز میں ہوتی ہے کہ لوگ ان کو اچھے الفاظ میں یاد کریں۔