جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں بند،استعمال شدہ کپڑوں کے ڈھیر لگ گئے

06-02-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں بند ہونے سے گندے اور استعمال شدہ کپڑوں کے ڈھیر لگ گئے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن تھیٹرز میں بھی مریضوں کے استعمال شدہ گاؤن چادروں اور دیگر کپڑوں کا انبار لگا ہے جبکہ آپریشن تھیٹر کے لیے ڈسپوز ایبل سامان منگوایا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جناح ہسپتال کے بیشتر شعبہ جات خود چادریں دھو کر استعمال کرنے جبکہ مریض ہاتھ سے دھلے استعمال شدہ اور گندے کپڑے پہننے پر مجبور ہیں، گندے واش رومز میں بیڈ شیٹ دھونے سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ لانڈری کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری فنڈز ہسپتال کی ری ویمپنگ میں خرچ ہو گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں خراب ہونے کا پتہ چلا ہے، جناح ہسپتال کی لانڈری کو آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں۔