پنجاب حکومت کے 100 روز ، نوجوانوں کیلئے متعدد منصوبوں کا آغاز

06-02-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے پہلے 100 روز میں نوجوانوں کیلئے متعدد منصوبوں کا آغاز کردیا۔

چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) فیصل یوسف نے کہا ہے کہ گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشن نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت کا منفرد پروگرام ہے، منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی نے وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  10 ہزار نوجوانوں کو 40 سے زائد عالمی تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز مفت فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت مائیکروسافٹ  گوگل جیسے اداروں کی سرٹیفکیشن حاصل کرنے پر 10ہزار سے زائد آئی ٹی پروفیشنلز کی فیس ادا کرے گی۔ فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ 10ہزار سافٹ ویئر ڈیٹا انجینئرز، ویب ڈویلپرز و دیگر آئی ٹی پروفیشنلز منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں گے، ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی اور عالمی مارکیٹ میں روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔ چیئر مین پی آئی ٹی بی نے بتایا کہ گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشن کے ذریعے نوجوانوں کیلئے ملک و بیرون ملک نئی راہیں کھلیں گی، پروگرام سے پنجاب کے درست شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے حامل نوجوان مستفید ہو سکیں گے۔