ماہرہ خان نے اپنے ادھورے خواب سے پردہ اٹھا دیا

06-01-2024

(لاہور نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سپرسٹار و معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ادھورے خواب سے پردہ اٹھا دیا۔

گزشتہ دنوں پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں ماہرہ خان نے شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات کی۔دوران پروگرام ہدایت کار وجاہت رؤف نے اداکارہ سے سوال کیا کہ کوئی ایسا خواب جو ابھی رہ گیا ہے، جو پورا نہیں ہوا یا زندگی میں ابھی کیا کرنا باقی ہے؟ وجاہت رؤف کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ابھی بہت سارے خواب باقی رہ گئے ہیں، پتا نہیں یہ کتنا سچ ہے لیکن کہتے ہیں کہ اپنے خواب بتانے نہیں چاہئیں پھر وہ پورے نہیں ہوتے مگر جب میں چھوٹی تھی تب میں نے اپنے خواب زور زور سے سب کو بتائے تھے اور وہ الحمدللہ پورے ہو گئے ہیں۔ ماہرہ خان نے اپنے ادھورے خواب بتاتے ہوئے کہا کہ میں ایک دن کسی ویب سیریز یا فلم کی ہدایت کاری کرنا چاہتی ہوں،میں چاہتی ہوں کہ کچھ لکھوں اور ایک ایسی اداکارہ بننا چاہتی ہوں کہ جس پر کوئی بھی تنقید نہ کرسکے، کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ اسے اپنا کام نہیں آتا۔