بانی پی ٹی آئی کی ملک دشمنی پر کمیشن بننا چاہئے: عظمیٰ بخاری

06-01-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں، ان کی ملک دشمنی پر کمیشن بننا چاہئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کوشاں ہے، پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچا رہے ہیں، اس مہینے پٹرول کی قیمت میں 20 سے 21 روپے کمی ہوئی ہے، حکومت آٹے اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں کافی کمی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دو طرح کی سیاست ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے جب حلف اٹھایا تو آٹے کا تھیلا 2800 روپے کا تھا، 20 کلو آٹے کا تھیلا آج 1600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، پی ٹی آئی فتنہ فساد پارٹی مہنگائی میں کمی پر شور مچا رہی ہے۔ ’مخصوص جماعت کی جانب سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی ہے‘ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا مخصوص جماعت کی جانب سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی ہے، فوج اور اداروں کے خلاف منظم طریقے سے سازش ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نفرتیں پھیلا رہے ہیں ،ان کے دماغ میں 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے، کمیشن اس بات پر بننا چاہئے کہ یہ سب کچھ کیا ہو رہا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اب بھی 1971 کی متنازعہ ویڈیو موجود ہیں ،تشدد اور انتشار عمران خان کی ذات کا حصہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن صوبوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی دوسروں کے بچوں کو انتشار کیلئے استعمال کر رہے ہیں، وہ جو بیانیہ بناتے ہیں اسے بچے اندھا دھند فالو کرنا شروع کر دیتے ہیں ، میری والدین سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو گھناؤنے مقاصد کیلئے استعمال نہ ہونے دیں۔