شدید گرمی سے بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ، لوڈشیڈنگ بے قابو
06-01-2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں تکنیکی خرابیوں کے باعث شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، لیسکو کی بجلی کی طلب 3650 میگاواٹ سے زائد ہو گئی، این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3600 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، لیسکو کو 50 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا، کیٹیگری ون اور ٹو پر زیرو لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا، گنجان آباد، دیہی اور سرحدی علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، تکنیکی خرابیوں کے باعث لیسکو کے 58 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی متاثر ہے۔ ترجمان کے مطابق تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند ہونے والے فیڈرز میں فلائنگ پلپ، رائل لیدر، دیال، واہگہ، اردو بازار، اے کے سنگھ، گوالمنڈی، ڈسٹرکٹ کمپلیکس، چونیاں، پرانا کاہنہ، داتا دربار، حمزہ ٹاؤن، صفدر آباد شامل ہیں، کیٹیگری تھری کے فیڈرز پر3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، کیٹیگری تھری کے فیڈرز کی تعداد 131 ہے جبکہ کیٹیگری فور کے فیڈرز پر 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، کیٹیگری فور کے فیڈرز کی تعداد 57 ہے۔ اس کے علاوہ کیٹیگری فائیو کے فیڈرز پر 5 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، کیٹیگری فائیو کے فیڈرزکی تعداد 37 ہے، ان فیڈرز کے علاوہ لیسکو ریجن میں کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔