چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی: قذافی سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کا کام شروع

06-01-2024

(لاہور نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے قذافی سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے کام کے لیے ابتدائی طور پر مین بلڈنگ سے دفاتر کی منتقلی کا کام شروع کیا گیا ہے، تمام ڈائریکٹرز اور ان کے شعبوں کو فار اینڈ بلڈنگ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی منتقل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران دفاتر کی منتقلی کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مین بلڈنگ کو گرانے کا منصوبہ ہے، نئی بلڈنگ کو جدید طرز پر گراؤنڈ کے قریب بنانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ مین بلڈنگ میں زیادہ تر ہوسپیٹلیٹی باکسز فرنٹ پر بنانے کا منصوبہ ہے جبکہ قذافی سٹیڈیم کے عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں سیٹوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔ منصوبے کے مطابق شائقین کے بہتر ویو کے لیے نئی سکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم، کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا اعلان کر چکے ہیں۔ تینوں سٹیڈیمز میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش بڑھائی جائے گی، اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی 2025 کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔