سونم باجوہ نے فواد خان کو ہمیشہ کیلئے اپنا کرش قرار دیدیا

06-01-2024

(ویب ڈیسک) سابق ایئرہوسٹس، ماڈل و بالی ووڈ پنجابی اداکارہ سونم باجوہ نے ایک بار پھر پاکستانی اداکار فواد خان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ کے لیے اپنا کرش قرار دے دیا۔

سونم باجودہ ماضی میں بھی فواد خان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتی رہی ہیں اور کہتی رہی ہیں کہ ان کے دل میں جو پاکستانی اداکار کی جگہ ہے وہ کوئی اور اداکار کبھی نہیں لے سکتا۔ اب حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں ایک بار پھر فواد خان سے اظہار محبت کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ کے لیے اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا ہے۔ بھارتی شوبز ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں سونم باجوہ نے فواد خان کی تعریفیں کیں۔ مذکورہ انٹرویو کے وائرل ہونے والے مختصر کلپ میں بھارتی اداکارہ نے فواد خان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیا کہ وہ ہمیشہ سے ہی ان پر فدا رہی ہیں اور ہمیشہ ان پر ہی فدا رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لڑکی اداکار پر فدا ہوسکتی ہے اور یہ کہ ان سے متعلق ہر کسی کو علم ہے کہ فواد خان ان کے پرانے اور پہلے کرش ہیں اور وہ ہمیشہ  ہی ان کے پسندیدہ رہیں گے۔ اداکارہ کی جانب سے فواد خان سے اظہار محبت کرنے پر میزبان نے فواد خان کو بھارتی پنجاب کا جیجا قرار دیا جس پر سونم باجوہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بات فواد خان نے سن لی تو وہ بہت شرمندہ ہوں گے۔