اداکارارسلان شاداب خان کو چھکے کھانے سے متعلق سوال پوچھنے والی خاتون پر برس پڑے

05-31-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار ارسلان نصیر نے مداح کی جانب سے آل راؤنڈر شاداب خان کے ساتھ اپنائے جانے والے رویے پر سخت تنقید کی ہے۔

سوشل میڈیا پر شاداب خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں قومی کرکٹر کو کارڈف میں بارش سے متاثرہ میچ کے بعدپاکستانی شائقین سے ملاقات کرتے اور ان کے ساتھ تصویریں لیتے دیکھا گیا۔اس موقع پر شاداب خان کے ساتھ تصویر لیتی ایک خاتون نے ان سے سوال کیا کہ’ آپ چھکے کیوں کھا رہے ہیں ؟ فارم میں واپس آئیں، وکٹیں لینی ہیں آپ نے‘۔ اس ویڈیو پر اب ارسلان نصیر نے تبصرہ کیا ہے اور خاتون کی اس حرکت کو اوچھی اور چھچھوری قرار دیا ہے۔اداکار نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'اکثر ہمارے مداح چھچھورے ہوتے ہیں لیکن ایک سلیبریٹی اور اسپورٹس مین کو اس کے منہ پر جاکے کہنا ، پھر اس وقت جب آپ نے تصویر مانگی ہو، دور سے کھڑے ہوکر اسے برا بھلا کہیں تو پھر بھی سمجھ آتا ہے کہ یہ آپ کو پسند نہیں ہے'۔ بات جاری رکھتے ہوئے ارسلان نصیر نے خاتون سے متعلق کہا کہ 'آپ نے پہلے خود انہیں تصویر کے لیے رُکوایا اور  پھر قریب جاکے آپ چھچھوری اور اوچھی حرکتیں کر رہی ہیں کہ آپ چھکے کیوں کھا رہے ہیں'۔انہوں نے مزید کہا کہ 'شاداب کو بہت اچھی طرح پتہ ہے کہ اس کی فارم اچھی نہیں چل رہی ، اسے کوچنگ اسٹاف سمیت پورا میڈیا بتا رہا ہے اور پھر بھی آپ ایک گھٹیا سوال کر رہے ہیں، ایسی چھچھوری حرکتیں گھروں میں اچھی لگتی ہیں، شاداب آپ (خاتون) کی پھوپھی کا بچہ نہیں ہے جس کے پاس جاکے اتنا فری ہو رہے ہیں'۔