آئندہ مالی سال کا بجٹ 295 روپے فی ڈالر ریٹ پر بنے گا
05-31-2024
(لاہور نیوز) آئندہ مالی سال 25-2024 کا بجٹ 295 روپے فی ڈالر ریٹ پر بنے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال ڈالر ریٹ میں 10 روپے اضافے کا تخمینہ ہے،رواں مالی سال نظرثانی شدہ ڈالر ریٹ 285 روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر ریٹ میں 10 روپے اضافہ ہونے سے آئندہ مالی سال مہنگائی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے، عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی ڈیمانڈ میں اضافہ اور زیادہ زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ڈویلپمنٹ سپینڈنگ میں فارن کرنسی، پٹرولیم پراڈکٹس پر روپیہ کی قدر میں کمی کا اثر پڑے گا، درآمدی اشیاء مہنگی ہونے سے ڈیمانڈ میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ کم ہو سکے گا، ڈالر ریٹ تعین کرنے کا مقصد بیرونی امداد، ادائیگیوں اور قرضوں کا تخمینہ روپوں میں لگانا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ طے شدہ شرط کے باعث مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ پر عملدرآمد ہوگا، ڈالر ریٹ بڑھنے سے بیرونی قرضے، امپورٹ بل، درآمدی فوڈ آئٹمز کی قیمتیں بڑھیں گی۔