پے در پے ناکامیاں: شعیب ملک کا بابر اعظم کو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا مشورہ

05-31-2024

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شعیب ملک نے بابراعظم کو ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔

انگلینڈ سے سیریز ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی لانا ہوگی، بابراعظم کو نمبر 3 پر بیٹنگ کیلئے آنا چاہیے تاکہ مڈل اوورز میں سٹرئیک روٹیشن ہوسکے۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بابراعظم تیسرے نمبر کی پوزیشن کیلئے بہترین ہیں تاکہ وہ اگلے آنے والے بلےبازوں کی رہنمائی کرسکیں۔ سابق کپتان نے  اعظم خان اور شاداب پر بھی زور دیا کہ آپ ٹیم کے اہم رکن ہیں، دل سے کھیلیں، آپ میچ ونر ہیں! ورلڈکپ میں جانے کیلئے اپنے حوصلے بلند رکھیں۔ واضح رہے کہ  گزشتہ روز انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر چار میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی جبکہ دو میچز بارش کی نذر ہو گئے تھے۔