گرمی کا زور برقرار، بادل برسنے اور جھکڑ چلنے کی پیشگوئی پوری نہ ہو سکی
05-31-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی کی زور برقرار ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی رواں ہفتے کے دوران بادل برسنے اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی پوری نہ ہوسکی۔
گرمی کی شدت دیکھ کر واضح طور پر محسوس ہورہا ہے کہ فی الحال سورج کا غصہ کم ہونے کے زیادہ امکانات دکھائی نہیں دے رہے، لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرمی کی زیادہ شدت ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی پارا 45 اور 46ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان حرکت پذیر ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت 29سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رواں ہفتے کے دوران بارشوں اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کر رکھی تھی مگر تاحال بارشوں کے حوالے سے کی گئی پیشگوئی پوری نہیں ہوسکی۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو معیاری مشروبات استعمال کرنے اور کاربونیٹڈ ڈرنکس سے پرہیز کا مشورہ دیا ہے۔