معروف پلے بیک سنگر عنایت حسین بھٹی کی آج 25 ویں برسی

05-31-2024

(لاہور نیوز) معروف پلے بیک سنگر عنایت حسین بھٹی کی آج 25 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔

فن کی دنیا کا بے مثال کردار، معروف لوک گلوکار، اداکار، فلمساز، صداکار اور کالم نگار عنایت حسین بھٹی 12 جنوری 1928ء کو گجرات میں پیدا ہوئے، 1948ء میں قانون کی تعلیم کیلئے لاہور آئے مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ سٹیج پر ایک پرفارمنس کے بعد انہیں ریڈیو پر گلوکاری کی پیشکش ہوئی، یہیں ان کی ملاقات موسیقار جی اے چشتی سے ہوئی جنہوں نے عنایت حسین بھٹی کو اپنی فلم میں بطور پلے بیک سنگر متعارف کرایا۔ عنایت حسین بھٹی نے فلم، لوک موسیقی اور صوفیانہ کلام میں اپنے فن کا لوہا منوایا وہ صرف پنجابی گیتوں تک ہی محدود نہ رہے بلکہ کئی سپرہٹ اردو گیت بھی ان کے حصے میں آئے۔ 1955ء میں عنایت حسین بھٹی کو فلم ’ہیر‘ میں بطور ہیرو کام کرنے کا موقع ملا اور گلوکاری کے ساتھ ساتھ ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا، عنایت حسین بھٹی نے وارث شاہ، منہ زور، سجن پیارا، جند جان، چن مکھناں، دنیا مطلب دی اور ظلم دا بدلہ فلمیں بھی بنائیں۔ عنایت حسین بھٹی 31 مئی 1999ء کو اس دارِ فانی سے تو رخصت ہوگئے لیکن اپنے بے مثال فن کے باعث پرستاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔