گرمی کے موسم میں کن پھلوں کا استعمال کرنا چاہیے؟ماہرین نے بتا دیا

05-30-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے گرمی کے موسم میں استعمال کئے جانے والے مفید پھلوں سے متعلق تحقیق جاری کردی ۔

تفصیلات کے مطابق ماہرین نے اپنی تحقیق میں کہا ہےکہ تربوز پانی اور فائبر سے بھرا ہوتا ہے، یہ ہضم کرنے میں آسان، میٹھا اور رس دار ہوتا ہے۔ تربوز گرم اورحبس کے دنوں میں تھکاوٹ کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔اسی طرح پھلوں کا بادشاہ، آم گرمیوں کے موسم میں ایک انتہائی پسندیدہ پھل ہے۔ آم میں فائبر، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس کی بھرمار بھی ہوتی ہے جو ہاضمے کو بہتر بناتی ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے۔ آم میں پانی کی زیادہ مقدار جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتی ہے ۔ ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ آڑو بھی موسم گرما میں ایک بہترین انتخاب ہے جو جسم میں سیال کا توازن برقرار رکھنے اور اسے مفید اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ وٹامن اے اور سی سے بھی بھرپور ہے جو صحت مند جلد کو فروغ دیتا ہے۔ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے، چکنائی کو کم کرنے اور ہاضمے کو بہتر کرنے کیلئے انناس بھی بہترین پھلوں میں سے ایک ہے۔ انناس سوزش کو بھی دور کرتا ہے اور بہت سی بیماریوں کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ توانائی فراہم کرنے کے علاوہ وزن کم کرنے میں بھی معاون ہے۔ بہترین پانی اور فائبر کے ساتھ ساتھ پپیتا ہیٹ ویو کے دوران ہاضمے کو صحت مند رکھتا ہے۔ وافر مقدار میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پپیتا گرمی کی بیماریوں کو دور رکھنے کے لیے قوت مدافعت کو بھی بڑھاتا ہے۔گرمی کے دنوں میں اپنی خوراک میں کھیرا شامل کرنا ایک بہترین انتخاب ہوسکتا ہے جس میں وٹامن کے، پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے وٹامنز اور معدنیات موجود ہوتے ہیں جو کہ مجموعی صحت کے لیے ضروری ہیں۔