وزیراعظم کی مواصلاتی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد

05-30-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے، پاکستانی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے سے پوری پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی سیٹلائٹ کا چین کے سیٹلائٹ سینٹر سے خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے، ایسے اقدامات سے پاکستان اور پاکستانی عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سیٹلائٹ کا زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر بھیجا جانا سپارکو اور متعلقہ اداروں کی بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم انہیں داد و تحسین دیتی ہے، سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کا زمین کے مدار میں کامیابی سے پہنچنا پاکستان کے تابناک مستقبل کی نوید ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا  کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کا اجراء ملک میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور خلائی شعبے میں بڑی کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو۔