پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 اربن، رورل کو مکمل تقسیم کرنے کی تجویز

05-30-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 اربن ، رورل کو مکمل تقسیم کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے مطابق مسودہ بلدیاتی ایکٹ 2024 کے تحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشنز بنانے کی تجویز ہے ، نئی مردم شماری کے مطابق بلدیاتی حلقہ بندی ہو گی۔ 20 ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسل قائم ہوگی، لاہور میں یونین کونسلز کی تعداد 600 کرنے جبکہ سات لاکھ سے اُوپر آبادی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ مسودہ بلدیا تی ایکٹ 2024 میں پندرہ ہزار سے 50 ہزار آبادی تک ٹاؤن کمیٹی کی تجویز دی گئی جبکہ پچاس ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی بنانے کی تجویز ہے۔ مسودہ بلدیاتی ایکٹ 2024 میں دو لاکھ سے 5 لاکھ تک آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشنز بنانے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ کمیٹی ممبران کی بلدیاتی اداروں کی مدت چار سال مقرر کرنے کی تجویز ہے ۔ وزیر بلدیات کاکہنا ہے کہ جتنا چھوٹا لوکل گورنمنٹ کا حجم ہوگا اتنے زیادہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہونگے، نیا قانون ہر لحاظ سے جامع اور سابق ایکٹ سے مختلف ہوگا۔