عمران خان نے پنجاب حکومت کی سنگین مقدمات کی منظوری چیلنج کردی
05-29-2024
(لاہور نیوز) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کے اندراج کی منظوری لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔
عمران خان نے لطیف کھوسہ کی وساطت سے درخواست دائر کی، درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی، وزارت داخلہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان مختلف کیسز میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، پنجاب حکومت نے عمران خان سمیت دیگر قیادت پر سنگین مقدمات کی منظوری دی، پنجاب کابینہ کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔ دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پنجاب حکومت کے سنگین مقدمات کی منظوری کا اقدام کالعدم قرار دے۔