ن لیگ کابجٹ مشاورتی اجلاس، عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی تجاویز پر غور

05-29-2024

(لاہور نیوز)آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے بارے ن لیگ کا مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امراء رائیونڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت  تین گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء محمد اورنگزیب ، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس لغاری، عطاء تارڑ، رانا تنویر حسین سمیت دیگر شریک ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، وفاقی و صوبائی محکموں کے مختلف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل مشاورتی اجلاس میں آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے اقدامات کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا، وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی گئیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف کے اقدامات کی تجاویز پیش کیں، پارٹی قائدین نے بھی عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دینے بارے اپنی اپنی تجاویز شرکاء کے سامنے رکھیں۔ علاوہ ازیں  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کئےجبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ مشاورتی اجلاس میں اپنے وسیع تر سیاسی و انتظامی تجربے کی بنیاد پر ہدایات بھی جاری کیں۔