ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا

05-28-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر میں طلب بڑھتے ہی بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار319 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 19 ہزار 681 میگاواٹ ہے۔ پن بجلی ذرائع سے 5 ہزار 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 890 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، اسی طرح نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار 980 میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے 780 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سولر پاور پلانٹس سے 198، بگاس سے 133 اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 1 سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔