رواں مالی سال کے آخری ماہ میں ایل ڈی اے نے خزانے کے منہ کھول دیئے

05-28-2024

(لاہور نیوز) رواں مالی سال کے فنڈز سرنڈر ہونے سے بچانے کے لئے ایل ڈی اے نے خزانے کا بے دریغ استعمال شروع کر دیا۔

شہر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت اور مسنگ لنکس کی تعمیر کا منصوبہ بنا لیا گیا، ایل ڈی اے کے ذاتی خزانے سے سٹی سکیم کے مسنگ لنکس پر فنڈز خرچ کئے جائیں گے، مرکزی شاہراہوں پر ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کا  کام بھی کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے سٹی کے جناح سیکٹر میں عمر روڈ اور ابوبکر روڈ کی مسنگ لنکس کو تعمیر کیا جائے گا، مسنگ لنکس کی تعمیر کے لئے 13 کروڑ 39 لاکھ 13 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ باگڑیاں گرین ٹاؤن کے کرسچن ایریا میں چار کروڑ روپے سے سڑکوں و گلیوں کی مرمت کا کام کیا جائے گا، دو کروڑ 58 لاکھ روپے سے کیولری گراؤنڈ اور ملحقہ علاقوں کی سڑکوں کی مرمت کا پلان بھی تیار کیا گیا، متین فاطمہ روڈ گلبرگ کی مرمت 1 کروڑ 12 لاکھ 99 ہزار روپے سے ڈیڑھ ماہ میں کی جائے گی۔ دوسری جانب بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور پر واقع 10 پیڈیسٹرین پلوں کو توڑنے کا منصوبہ بنا لیا گیا، پیڈیسٹرین پل کی مسماری کا کام 76 لاکھ 97 ہزار روپے سے 20 دنوں میں کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے کی جانب سے بند روڈ ایکسیس کنٹرول پر چھ نئے پیڈیسٹرین پل بنانے کا پلان بنایا گیا جس کے لئے پندرہ کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔