شہباز شریف نے نواز شریف کو امانت واپس کر دی: اسحاق ڈار

05-28-2024

(دنیا نیوز) وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو امانت واپس کر دی۔

مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کو میرا سلام۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ہمارے قائد نواز شریف کو نااہل کیا گیا، بابا رحمتے کی کورٹ نے قانون کو ہی سٹرائیک کر دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ شہباز شریف کو پارٹی صدارت سونپی گئی تو شہباز شریف نے پہلے دن ہی کہا تھا یہ سیٹ نوازشریف کی امانت ہے، شہباز شریف کی خواہش تھی کہ نوازشریف تشریف لائیں تو 2022ء کی جنرل کونسل میں امانت واپس کر دوں۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی 2024ء کو شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ امانت واپس کر دوں، شہباز شریف نے پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ لکھ کر بھجوا دیا، ہماری سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 18 مئی 2024ء کو بلایا گیا، کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ 28 مئی کو صدر کے الیکشن کا فیصلہ ہوگا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج 28 مئی تھا، الیکشن کمشنر نے پورا پراسیس آئین کے مطابق مکمل کیا ہے، یہ ساری کارروائی آج 3 بجے سے پہلے مکمل ہونی تھی، رانا ثناءاللہ صاحب مسلم لیگ ن کے چیف الیکشن کمشنر ہیں۔