آئی ایم ایف کی آئندہ مالی سال پاکستان کے تجارتی خسارے میں اضافے کی پیشگوئی

05-28-2024

(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے آئندہ مالی سال کے دوران پاکستان کےتجارتی خسارے میں اضافے کی پیشگوئی کردی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے نئے مالی سال میں پاکستان کی برآمدات اور درآمدات میں اضافے کا تخمینہ لگایا ہے،  نئے مالی سال میں پاکستان کےتجارتی خسارے میں 4 ارب 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے دوران پاکستان کی درآمدات میں 5 ارب 51 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز جبکہ برآمدات میں ایک ارب 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 27 ارب 92 کروڑ ڈالرز سے متجاوز ہوسکتا ہے۔  آئی ایم ایف کی جانب سے نئے مالی سال میں  پاکستان کی درآمدات کاحجم 60 ارب 48 کروڑ ڈالرز اور برآمدات کا حجم 32 ارب 56 کروڑ ڈالرز رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ دوسری جانب  ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کا تجارتی خسارہ 23 ارب 76 کروڑ ڈالرز رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات 31 ارب 20 کروڑ ڈالرز پر پہنچنے کی توقع ہے۔