ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس آج، نواز شریف کا پارٹی صدر منتخب ہونے کا امکان

05-28-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج ہو گا جس میں پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا، نواز شریف کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔

 سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئے 11 کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے گئے، مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کے انتخاب کے معاملے پر کاغذات نامزدگی چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے حاصل کئے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی آج بروز منگل صبح 10 سے 12 بجے کے درمیان پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں جمع کروائے جائیں گے، پارٹی کے 5 رکنی الیکشن کمیشن کی سربراہی رانا ثناء اللہ کر رہے ہیں دیگر اراکین میں اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی شامل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے الیکشن کیلئے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوپہر 1 بجے سے 2 بجے کے درمیان ہو گی، سہ پہر 4 بجے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کرے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل نئے پارٹی صدر کا انتخاب 28 مئی کو کرے گی، پارٹی کا جو بھی معزز رکن کاغذات جمع کرانا چاہتا ہے کرائے۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کے بغیر پارٹی کے بنیادی فیصلے پہلے ہوئے نہ آئندہ ہوں گے، نواز شریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں، شاہد خاقان عباسی پارٹی صدارت کیلئے کاغذات جمع کرا سکتے ہیں ان کی اہلیت کا فیصلہ سکروٹنی میں ہو گا۔