یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں عام تعطیل

05-28-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر میں یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، 28 مئی کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

 پاکستان میں 28 مئی کو یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے، آج کے دن چاغی کے مقام پر پاکستان نے ایک کے بعد ایک 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، 28 مئی کو وطن عزیز کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے 7 ممالک کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے بھارت کے 14 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کا بھرپور جواب دیا، ایٹمی دھماکوں سے وطن دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا گیا۔ ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے آج یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا جس کے تحت تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیمی اداروں اور بینکوں میں بھی چھٹی ہو گی، تعلیمی بورڈز میں آج شیڈول پرچے بھی ملتوی کر دیئے گئے۔ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے ملکی سالمیت کیلئے فیصلہ کیا، ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئیں عہد کریں، 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شر پسندی کو ناکام بنائیں گے۔