پوری جماعت متفق ہے کہ نواز شریف ہی پارٹی کو لیڈ کریں: رانا ثنا اللہ
05-27-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے پوری جماعت متفق ہے کہ نواز شریف ہی پارٹی کو لیڈ کریں۔
ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا بطور صدر استعفیٰ منظور کیا، شہباز شریف نئے صدر تک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے الیکشن کمیشن مقرر کیا، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے، کل صبح 10 بجے سے 12 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے، کل ایک بجے کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کل تین بجے حتمی فہرست مرتب کر لی جائے گی، کل 4 بجے مرکزی کونسل مسلم لیگ (ن) کا اجلاس بلایا گیا ہے، بطور چیف الیکشن کمشنر جس کسی کا دل چاہتا ہے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، پارٹی کا جو بھی معزز رکن کاغذات جمع کرانا چاہتا ہے کرائے، آج صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک 11 کاغذات نامزدگی جاری کئے گئے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی میں تو کاغذات نامزدگی فائل ہی نہیں ہوتے، جماعت اسلامی کی شوریٰ میں امیر منتخب کیا جاتا ہے، ہر پارٹی کا الیکشن کا اپنا اپنا طریقہ کار ہے، مجھے جماعت اسلامی کے الیکشن کے طریقہ کار پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے (ن) لیگ کو عام آدمی کی جماعت بنایا ہے، نواز شریف کے دور میں ہی پاکستان کو ایٹمی قوت کا اعزاز ملا، نریندر مودی کو تو پاکستان ایک آنکھ نہیں بھاتا، نواز شریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں، متحرک ہیں، نواز شریف کے بغیر پارٹی کے بنیادی فیصلے پہلے ہوتے تھے نہ آئندہ ہوں گے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کے باقی عہدوں پر بھی دوسرے لوگوں کو موقع ملنا چاہئے، جہاں جہاں ضرورت محسوس ہو گی وہاں عہدے تبدیل کریں گے، حماقت کسی کی ایما پر نہیں ہمیشہ اندر سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے بہت اہم رہنما ہیں، نواز شریف کے بعد پارٹی شہباز شریف کے نام پر متفق ہے، معیشت کی بحالی کے لئے شہباز شریف جدوجہد کر رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی کاغذات جمع کرا سکتے ہیں ان کی اہلیت کا فیصلہ سکروٹنی میں ہو گا۔