علی گل ملاح ، درفشاں کو وزن کم کرنے کا مشورہ دے کر تنقید کی زد میں آگئے

05-27-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ درفشاں سلیم کو وزن کم کرنے کا مشورہ دینے والے سندھی انڈسٹری کے اداکار علی گل ملاح تنقید کی زد میں آگئے۔

گزشتہ دنوں ایک پروگرام  کے سیگمنٹ کے دوران علی گل ملاح کو درفشاں کی تصویر دکھائی گئی جس میں انہوں نے اداکارہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ درفشاں کو اپنا وزن کم کرنا چاہیے۔ سندھی اداکار کے اس بیان پر جہاں شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا ہے وہیں درفشاں کے مداح بھی علی گل کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ اداکارہ و میزبان مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر علی گُل ملاح کو درفشاں کی باڈی شیمنگ کرنے پر آڑے ہاتوں لیتے ہوئے کہا کہ دورانِ انٹرویو کسی خاتون کو اس طرح کہنا نہایت نامناسب ہے، کسی محفل میں بیٹھ کر کسی دوسرے کے وزن پر تبصرہ کرنا درست نہیں ہے، آخر ضرورت ہی کیا ہے اس کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  کچھ بھی کہنے سے پہلے تولنا چاہئے کہ کیا کہہ رہے ہیں، اگر اس طرح کا کوئی مشورہ دینا ہی تھا تو انہیں میسج کرکے بھی کہہ سکتے تھے اور جب عوام نے انہیں اسی طرح پسند کرلیا ہے تو اس بات کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔ ادھر میزبان متھیرا نے بھی سندھی اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم کب لوگوں کی جسامت اور رنگت کو جج کرنا بند کریں گے، آخر تمام مردوں کو خواتین کے وزن سے کیا مسئلہ ہے۔ دوسری جانب  درفشاں کے مداح بھی سوشل میڈیا پر مختلف تبصروں میں سندھی اداکار علی گل ملاح کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔