پنجاب پولیس چینی باشندوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، آئی جی پنجاب

05-27-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے پنجاب پولیس چینی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی لاہور میں چینی قونصلیٹ جنرل آفس آمد ہوئی، آئی جی پنجاب نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات کی اور پنجاب میں چینی باشندوں، انجینئرز، ماہرین اور کاروباری وفود کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےآئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے انتہائی الرٹ ہے، چینی ماہرین، سرمایہ کاروں، باشندوں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، چینی باشندوں کی آمدورفت کے روٹس پر پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔  آئی جی پنجاب کا کہنا تھا چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، دفاتر، ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، چین پنجاب پولیس کو انفارمیشن شیئرنگ اور جدید ٹریننگ میں بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے۔ چینی قونصل جنرل نے پنجاب پولیس کی طرف سے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور شہریوں کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا پنجاب پولیس سی پیک سمیت مختلف منصوبوں پر چینی شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔