پرسکون زندگی کیسے گزاری جائے؟ ثناء نواز نے طریقہ بتادیا

05-27-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثناء نواز نے زندگی کو پرسکون گزارنے کا طریقہ مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا۔

حال ہی میں اداکارہ ثناء نواز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں جن میں وہ آسمانی رنگ کے لباس میں ملبوس نظر آرہی ہیں۔ پوسٹ کے طویل کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ زندگی میں ایسے واقعات بھی رونما ہوتے ہیں کہ ہمارے اوپر کچرا اچھالا جاتا ہے، کردار کشی کی جاتی ہے، دامن داغدار کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ہمیں طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن گندگی کے اس گڑھے سے بچنے کا طریقہ یہ نہیں کہ ہم ان غلاظتوں کی تہہ میں دفن ہو کر رہ جائیں بلکہ ان بے کار چیزوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اوپر کی طرف اور آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ زندگی میں جو بھی مشکلات پیش آئیں وہ پتھروں کی طرح ہوتی ہیں مگر یہ ہماری عقل پر منحصر ہے کہ آیا ہم ہار مان کر ان کے نیچے دب جائیں یا ان کے اوپر چڑھ کر مشکل کے کنویں سے باہر آئیں۔ ثناء نواز نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یاد رکھیں خاک ڈالنے والے ڈالتے رہیں گے مگر پرعزم انسان اپنا راستہ کبھی نہیں بدلتا۔