پارٹی صدارت کا معاملہ: ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب

05-27-2024

(لاہور نیوز) پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس کل بروز منگل طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے پارٹی کا الیکشن کمیشن آج کاغذات نامزدگی جاری کرے گا، ن لیگ کے الیکشن کمیشن کی سربراہی رانا ثناء اللہ کریں گے جبکہ اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی الیکشن کمیشن کے ارکان میں شامل ہیں۔ پارٹی صدر کے الیکشن کیلئے امیدوار 27 مئی کی شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے، جمع شدہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 مئی کی دوپہر 1 تا 2 بجے ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کل 28 مئی کی سہ پہر 4 بجے ن لیگ کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کرے گی، مسلم لیگ ن نے کل کے جنرل کونسل اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا، اجلاس کے دوران پارٹی آئین میں مجوزہ ترامیم کی جائیں گی۔ اجلاس میں مختلف قرار دادیں پیش کی جائیں گی، مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں طلب کیا گیا ہے۔