بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے متجاوز، لوڈشیڈنگ سے جینا محال

05-27-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا۔

ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 19 ہزار 814 میگا واٹ ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار186 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق پن بجلی سے 5 ہزار 700 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں اسی طرح نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار 820 میگا واٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے 780 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سولر پاور پلانٹس سے 182، بگاس سے 132 اورنیو کلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 200 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ شارٹ فال کے باعث دیہی علاقوں میں 8 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث صارفین کا جینا محال ہو چکا ہے۔