باغوں کے شہر میں سورج سوا نیزے پر، درجہ حرارت44 ڈگری تک جانے کا امکان

05-27-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج صبح سویرے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق  باغوں کے شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت27 اور زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا  ہے جبکہ آج بھی شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور دن بھر موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر لاہور  میں ہوا میں نمی کا تناسب 35فیصد تک جا پہنچا جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ  کی گئی ۔ دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل  پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ  جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔