الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے زیر اہتمام تین روزہ 'غزہ پیکنگ ڈرائیو' کا دوسرا روز
05-27-2024
(لاہور نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے زیر اہتمام غزہ کے جنگ سے متاثرہ بچوں اور خواتین کے لیے تین روزہ ’غزہ پیکنگ ڈرائیو‘ کا آج دوسرا روز ہے۔
الخدمت کمپلیکس میں جاری تین روزہ پیکنگ ڈرائیو میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ پاکستان کی صدر کلثوم فاطمہ رانجھا، سیکر ٹری جنرل سمیعہ سلمان، مختلف جامعات کی طالبات اور دیگر ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی خواتین رضاکار شرکت کر رہی ہیں۔ اِس موقع پر الخدمت ویمن ونگ پاکستان کی صدر کلثوم فاطمہ رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور بمباری سے ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں اور تقریبا ایک لاکھ حاملہ خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے جہاں غزہ کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے بڑا کام کیا ہے اور اب تک اڑھائی ارب روپے کی مالیت سے 2080 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کو فراہم کرچکی ہے وہیں الخدمت ویمن ونگ کے تحت غزہ کے بچوں اور خواتین کی ضروریات کے پیش نظر پریگننسی کٹس، بے بی کٹس اورہائی جین کٹس پر مشتمل امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ پیکنگ ڈرائیو اِسی کاوش کا شاخسانہ ہے۔