حکومت میں شامل ہونے سے انکار نہیں کیا، بات چیت جاری ہے: یوسف رضا گیلانی

05-26-2024

(لاہور نیوز) قائم مقام صدر مملکت ، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، ہم حکومت کے اچھے کاموں میں انہیں سپورٹ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے لیے بات چیت جاری ہے۔ کسانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ کسانوں کے معاملے میں مڈل مین نے پیسے کما لیے، اس سے کسانوں کا نقصان ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے حق میں ہے، جب بجٹ کے خدوخال بنیں گے تو پیپلز پارٹی اپنی اس پالیسی کے مطابق حکومت کو مشورہ دے گی،جو بھی بجٹ پیش کرے وہ نوجوان اور کسان دوست ہونا چاہیے، کوئی بھی بل یا قانون اکثریت سے پاس ہوگا۔